ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ٹویٹ پر رانا ثنا اللہ کا رد عمل

شہباز شریف کے لندن قیام پر مشیر برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ٹویٹ پر صدر پنجاب مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ نے رد عمل دے دیا۔ جوابی بیان میں کہا فردوس باجی شہباز شریف کے واپس آنے کا جیسے جیسے وقت قریب آ رہا ہے آپ کا خوف بڑھتا جا رہا ہے۔
شہباز شریف کا نہیں اب آپ سب کے بھاگنے کا وقت قریب آ رہا ہے۔ مزید کہا کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان باجی آپ شہباز شریف اور نواز شریف کی چوکیدار ہیں یا پاکستان کی وزیرِ اطلاعات؟ ڈالر 152 روپے کا ہو گیا۔ آپ کو شہباز شریف کی پڑی ہے، گیس 145 فیصد مہنگی ہو گئی آپ کو شہباز شریف کی پڑی ہے ، بجلی 25 فیصد مہنگی ہو گئی ، آپ کو شہباز شریف کی پڑی ہے۔9 ماہ میں ملکی قرضہ 5 ہزار ارب بڑھ گیا۔ 9 ماہ میں پچاس لاکھ گھروں میں سے کاغذ پہ بھی ایک بھی گھر نہ بن سکا آپ کو شہباز شریف کی پڑی ہے۔ فردوس باجی ایک کروڑ نوکری دینی تھی ، 9 ماہ گزر گئے آپ کو شہباز شریف کی پڑی ہے۔ عمران خان کی نوکری نہ کریں عوام کا خیال کریں۔