بہاولنگر، رینجرز کے زیر اہتمام سرحدی علاقے میں فری میڈیکل کیمپ

ڈیزرٹ رینجرز کے زیر انتظام بہاولنگر کے سرحدی علاقے میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں بہاولنگر ہیلتھ اتھارٹی اور رینجرز کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا طبی معائنہ کیا اور مفت ادویات تقسیم کیں۔
فری میڈیکل کیمپ ڈی جی رینجرز پنجاب ثاقب محمود ملک کی ہدایت پر پاک بھارت سرحدی پل کیرا کے مقام پر منعقد کیا گیا. ونگ کمانڈر رینجرز لیفٹیننٹ کرنل عدنان نے کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لیا. مریضوں میں ادویات اور بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔ کرنل عدنان کا کہنا تھا کہ سرحدی علاقوں میں میڈیکل کیمپ کا مقصد غریب و نادار مریضوں کو ان کی دہلیز پر علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ یہاں کوئی اسپتال یا ڈسپنسری نہیں، اہل علاقہ کی طبی ضروریات پوری کرنے کیلئے میڈیکل کیمپ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ میڈیکل کیمپ کو مقامی افراد کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔